ریڈ زون اور ڈپلومیٹک ایریا کی سکیورٹی مزید سخت کرنیکی ہدایت
جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے،آئی جی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا، اے آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی آپریشنز اور ڈائریکٹر آئی ٹی نے شرکت کی۔ آئی جی نے افسران سے شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے نئے انیشییٹوز کے حوالے سے مشاورت کی، دئیے گئے ٹاسکس پر عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ لیا اور شہریوں کی آسانی کیلئے عملی اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی صورتحال، پولیس فورس کے انتظامی امور اور حساس تنصیبات و اہم مقامات کی حفاظت کیلئے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا، ریڈ زون اور ڈپلومیٹک ایریا کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے، وی آئی پی سکیورٹی پروٹوکولز کی ازسرِ نو ترتیب دینے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے۔