ریلوے کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دینگے،پریم یونین
وزیر ریلوے ادارے میں نئی بھرتیوں کا اعلان کریں، شیخ محمد انور ودیگر کا مطالبہ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کہا ہے کہ ریلوے کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دینگے، ہم وزیر ریلوے حنیف عباسی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نئی بھرتی کے احکامات جاری کریں تاکہ ریلوے کی ترقی میں اضافہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلوے آفیسر کلب میں ریلوے ورکر یونین اوپن لائن کے چیئرمین کی قیادت میں پریم یونین میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈویژنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ ریلوے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ، ملازمین کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔