ملزمان کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ،ساتھی زخمی
پولیس گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مسروقہ مال لینے جارہی تھی ملزمان 60سے زائد وارداتوں، موٹر سائیکل چوری،سنگین جرائم میں مطلوب تھے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پولیس کی جانب سے کارروائی کے دوران بین الصوبائی راہزن اور موٹر سائیکل چور گینگ کے دو اہم ارکان زخمی ہوگئے ،پو لیس حکام کے مطابق یہ ملزمان 60 سے زائد وارداتوں، موٹر سائیکل چوری اور دیگر سنگین جرائم کے الزام میں خیبر پختونخوا اور اسلام آباد پولیس کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھے ۔ پولیس گرفتار شدہ ملزمان فہد اور اسداللہ کی نشاندہی پر مال مسروقہ برآمد کرنے کے لیے انہیں لے کر جا رہی تھی کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔پولیس افسران بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے ، ملزمان کی اپنی ہی گینگ کی فائرنگ سے گرفتار شدہ ملزمان زخمی ہوگئے ۔ دونوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے موقع سے ملزمان کی موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا ہے ۔