ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پرعزم، احسان غنی
شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی مہم جاری، اجلاس،انتظامات کا جائزہ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی میں ڈینگی کی روک تھام اور مؤثر تدارک کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ڈاکٹر شہزانہ کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔ ضلع بھر میں جاری ڈینگی سرویلنس سرگرمیوں، ان ڈور اور آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے 6مارچ تک ڈینگی کی روک تھام کیلئے مختلف محکمے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں جبکہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل مانیٹرنگ اور ڈیٹا اپڈیٹ کیا جا رہا ہے۔
ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی، ڈی وی آر اسٹیٹس اور فیلڈ سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی احسان غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اقدامات کر رہے ہیں جبکہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی مہم جاری ہے۔