اسلام آباد ،سرکاری ونجی سکولوں، مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی قرار

اسلام آباد ،سرکاری ونجی سکولوں، مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی قرار

ستمبر سے انٹر سکول مقابلوں کا آغاز ،جنوری میں اسلام آباد سکول گیمز منعقد کیے جائیں گے وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری و نجی سکولوں اور مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ فیصلہ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں \"کھیلے گا اسلام آباد، تعلیم کے ساتھ، میدان میں ساتھ\" پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت سکولوں اور مدارس کے طلبہ کے لیے باقاعدہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں آئندہ ماہ سے سکول سپورٹس ایئر کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ اپریل کے پہلے ہفتے سے نئے تعلیمی سال کے ساتھ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ طلبہ کو سپورٹس سہولیات اور معیاری کوچنگ مفت فراہم کی جائے گی، جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح پر تلاش کر کے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیئے جائیں گے ۔ شیڈول کے مطابق ستمبر سے انٹر سکول مقابلوں کا آغاز ہوگا، جبکہ جنوری میں اسلام آباد سکول گیمز منعقد کیے جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں