پودے قدرت کا انمول تحفہ،حفاظت نا گزیر ،ڈی جی پی ایچ اے
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پودوں کی اہمیت کے عالمی دن پر ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس قومی فریضے کی ادائیگی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پودے قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو ماحول کو دلکش بناتے ہیں ،انکی حفاظت کرنا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔ پودے آکسیجن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور شہری ماحول کو خوشگوار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، محلوں، پارکوں اور سڑکوں کے اطراف زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔