ایچ ای سی وفد کی قونصل جنرل عمان سے ملاقات ،تعاون کا عزم
تعلیمی شعبوں میں ادارہ جاتی روابط کیلئے مضبوط فریم ورک قائم کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن پ ڈاکٹر ضیاء الحق نے قونصل جنرل عمان انجینئر سمیع عبداللہ الخنجری سے ملاقات کی۔ایچ ای سی کے وفد میں ایڈوائزر (ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن) ڈاکٹر علی ناصر، ممبر ایچ ای سی کمیشن ڈاکٹر اورنگزیب خان اور وائس چانسلر دیوان یونیورسٹی کراچی شامل تھے ۔ملاقات میں پاکستان اور عمان کے اعلیٰ تعلیمی شعبوں کے مابین ادارہ جاتی روابط کے لیے ایک مضبوط فریم ورک قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر ضیاء الحق نے سلطنت عمان کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی مشترکہ منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو تعلیمی عمدگی کی بنیاد قرار دیا۔انجینئرسمیع عبداللہ الخنجری نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایچ ای سی کے فعال کردار کو سراہا اور سلطنت عمان کی جانب سے ان مباحثوں کو ٹھوس شراکت داری میں بدلنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔