تعمیراتی منصوبے بروقت مکمل ،معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، سہیل اشرف
چیئرمین سی ڈی اے کا نیشنل پولیس اکیڈمی بلڈنگ، ایلیٹ پولیس سکول کا دورہ ،کا م کا جائزہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے زیر تعمیر نیشنل پولیس اکیڈمی بلڈنگ، ایلیٹ پولیس سکول اور اسلام آباد سیف سٹی کی توسیع کے منصوبے کا دورہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور زیر تعمیر عمارت تقریباً 9 منزلوں پر مشتمل ہے۔
تعمیراتی کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں اعلیٰ تربیت کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں شامل تمام تعمیراتی اور فنشنگ کے کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع اور ایلیٹ پولیس سکول کا دورہ کیا ، کمشنر نے تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل کیساتھ ان کے اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔