رنگ روڈ کا 85 فیصد کام مکمل، منصوبہ گیم چینجر ہوگا ،کمشنر

رنگ روڈ کا 85 فیصد کام مکمل، منصوبہ گیم چینجر ہوگا ،کمشنر

ریلوے برج اور میرا موہڑہ انٹرچینج کا 99 ،نالہ برج کا 97 فیصد کام ہوچکا ،بریفنگ

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے رنگ روڈ پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ کی مجموعی پیش رفت 85 فیصد مکمل ہو چکی ہے جبکہ یہ 38.3 کلومیٹر طویل منصوبہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے رنگ روڈ کے اطراف واٹر ٹینکس بنانے کی بھی ہدایت کی، جو نہ صرف منصوبے کے لیے بلکہ عوام اور پی ایچ اے کے استعمال میں بھی لائے جا سکیں گے ۔ اجلاس میں لینڈ ایکوزیشن کے زیر التواء ادائیگیوں کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریلوے برج اور میرا موہڑہ انٹرچینج کا 99 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ نالہ برج کی تکمیل 97 فیصد ہو چکی ہے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ مئی کے آخر تک مکمل کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں