مصنوعی ذہانت کی تعلیم :علی بابا کلاؤڈ الخدمت فاؤنڈیشن میں معاہدہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستانی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے علی بابا کلاؤڈ اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط کر د ئیے گئے۔
اس شراکت داری کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن کے فلیگ شپ تعلیمی پلیٹ فارم بنو قابل کے تحت پاکستان میں خصوصی علی بابا ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر علی بابا کلاؤڈ کے مجاز پارٹنر کی جانب سے مسٹر ہینک شاؤ جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے نوید علی بیگ نے دستخط کیے ۔یہ اشتراک علی بابا کلاؤڈ پرائیویٹ لمیٹڈ سنگاپور اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے درمیان طے پایا ہے ۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں دو خصوصی علی بابا کلاؤڈ سینٹرز قائم کیے جائیں گے ، جن میں ایک کراچی میں بنو قابل انکیوبیشن سینٹر اور دوسرا لاہور میں بنو قابل انوویشن سینٹر میں قائم ہوگا جن میں علی بابا کلاؤڈ کے آرٹیفشل انٹیلیجنس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ نصاب کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔