پاکستان میں مالیاتی شمولیت کی شرح 67 فیصد ہو گئی ، فرحان حسن
پالیسی اصلاحات سے ڈیجیٹل بینکاری کو فروغ مل رہا، چیف ڈیجیٹل آفیسر ایزی پیسہ
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) بینکاک میں منعقدہ پینل مذاکرے میں ڈیجیٹل بینکنگ لیڈرز اور صنعتی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن نے کہا کہ پاکستان میں مالی شمولیت کی شرح 2018 میں 47 فیصد تھی جو 2025 میں بڑھ کر 67 فیصد ہوگئی ہے ۔ مالی خدمات تک رسائی کو وسعت دینے میں ڈیجیٹل جدت اور پالیسی اصلاحات نے اہم کردار ادا کیا ہے ، مالی سال2025-26کی دوسری سہ ماہی میں ریٹیل ادائیگیوں کا 92 فیصد حصہ، جو کہ 3.1 ارب ٹرانزیکشنز کے برابر ہے ، ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے کی گئیں، جن میں موبائل بینکنگ ایپلیکیشنز، انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، پی او ایس مشینیں اور ای کامرس گیٹ ویز شامل ہیں۔ فرحان حسن نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکس نہ صرف روایتی مالیاتی اداروں کا مقابلہ کر رہے بلکہ بڑی ٹیک کمپنیوں اور ایمبیڈڈ فنانس کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کا بھی مقابلہ کررہے ہیں۔