محصولات میں اضافہ سے پائیدار اقتصادی ترقی ممکن نہیں،ماہرین
روزگار ، توانائی شعبے کی اصلاح کیلئے انتظامی اور ساختی اصلاحات ناگزیر،مقررین
اسلام آباد (نامہ نگار) پائیدار اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع، موسمیاتی لچک، توانائی کے شعبے کی اصلاح، بہتر حکمرانی اور موثر سماجی تحفظ کے اہداف محض محصولات میں اضافے سے حاصل نہیں کئے جا سکتے بلکہ اس کیلئے گہری ادارہ جاتی، انتظامی اور ساختی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام منعقدہ بجٹ بعد از تجزیہ میڈیا بریفنگ میں ماہرین اقتصادیات اور پالیسی ماہرین نے وفاقی بجٹ کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تنخواہ دار طبقے، آئی ٹی شعبے اور دستاویزی معیشت کو دی گئی مراعات کا خیرمقدم کیا تاہم غیر دستاویزی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی حکمت عملی، بڑھتے ہوئے پٹرولیم لیوی بوجھ، مہنگائی کے خدشات، موسمیاتی اقدامات کیلئے محدود وسائل، توانائی کے شعبے کے ساختی مسائل اور کمزور طبقات کیلئے جامع سماجی تحفظ کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا۔