وفاقی بجٹ تیار کرنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ

وفاقی بجٹ تیار کرنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ

ایف بی آر بورڈ کے اراکین،وزارتِ خزانہ و ایف بی آر کے سینئر افسران کی شرکت ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم،انتھک محنت قابل ستائش ،چیئرمین ایف بی آر ،سیکرٹری خزانہ

  اسلام آباد(دنیا رپورٹ )چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری کی ذمہ دار مرکزی بجٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں ایف بی آر بورڈ کے اراکین اور وزارتِ خزانہ و ایف بی آر کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور انتھک محنت کو سراہا، جنہوں نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور عام شہری کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ایک بہترین بجٹ مرتب کیا۔

سیکرٹری خزانہ نے عوام دوست اور ترقیاتی اہداف پر مبنی بجٹ کی کامیاب تیاری پر ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بجٹ کی اصل کامیابی صرف پالیسی سازی کے معیار میں نہیں بلکہ مختلف اداروں پر مشتمل بڑی ٹیم کی ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں میں ہوتی ہے اور اس ٹیم نے یہ صلاحیت نمایاں طور پر دکھائی۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس ڈاکٹر نجیب میمن کو آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کی حدود کے اندر عوامی ریلیف کے اقدامات کے حوالے سے گفتگو کا آغاز کرنے اور پاکستان کی معاشی بہتری اور طویل المدتی ترقی کے لیے ان اقدامات کی ضرورت پر مضبوط اور مستقل مؤقف اختیار کرنے پر سراہا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں