رانا سلیم احمد خان کا تبادلہ، واسا انکوائری متاثر
46 کروڑ بوگس آئی پی سی انکوائری کے دوران تبادلے پر سوالات اٹھ گئے
ملتان (خصوصی رپورٹر)واسا ملتان کے ترقیاتی منصوبے میں 46 کروڑ روپے کی بوگس آئی پی سی کے معاملے کی انکوائری کرنے والے سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے ۔ انہیں سپیشل سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا کر ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب تعینات کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق رانا سلیم احمد خان واسا کے ایک ترقیاتی منصوبے میں مبینہ طور پر 46 کروڑ روپے کی بوگس آئی پی سی جمع کرانے کی انکوائری کی سربراہی کر رہے تھے ۔ انکوائری کے دوران انہوں نے تمام متعلقہ فریقین سے ریکارڈ طلب کیا تھا اور کارروائی جاری تھی۔اطلاعات کے مطابق تبادلے کے احکامات اس وقت موصول ہوئے جب انکوائری کا دوسرا روز جاری تھا۔ رانا سلیم احمد خان اس سے قبل بھی ایم ڈی اے میں بطور ڈی جی خدمات انجام دے چکے ہیں اور مختلف کرپشن کیسز کی انکوائریوں کی سربراہی کرتے رہے ہیں۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے تبادلے کے بعد انکوائری کے تسلسل اور رفتار پر سوالات اٹھ گئے ہیں جبکہ معاملہ مزید پیچیدہ صورت اختیار کر گیا ہے ۔