کینال روڈ پر ٹرام چلانے کامنصوبہ ختم کرنے کافیصلہ
پنجاب حکومت کا ٹرام کیلئے متبادل روٹ پر غور، نئی فیزیبلٹی پر کام کا آغاز
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب حکومت لاہور کے مصروف کاروباری علاقوں میں ٹرام چلانے کے نئے آپشنز پر غور کر رہی ہے ،ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے کینال روڈ پر ٹرام چلانے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بھی اس فیصلے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے ۔اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر ٹرام کو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک کینال روڈ کے ذریعے چلانے کی تجویز دی گئی تھی۔ دوسری جانب اب پنجاب حکومت نے ٹرام کے لیے متبادل روٹ پر غور شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے ابتدائی سطح پر نئی فیزیبلٹی پر کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔ابتدائی مجوزہ پلان کے مطابق ٹرام کا روٹ سی بی ڈی روٹ 47 سے شروع ہوگا، جو مین بلیوارڈ گلبرگ سے ہوتا ہوا جیل روڈ تک پہنچے گا، پھر مال روڈ کا رخ کرے گا اور اسی روٹ کے ذریعے واپس جیل روڈ سے گزرتا ہوا دوبارہ سی بی ڈی روٹ 47تک آئے گا۔اب نئی فیزیبلٹی رپورٹ اور تکنیکی جائزے کے بعد یہ واضح ہوگا کہ لاہور میں ٹرام کا نیا سفر کس سمت آگے بڑھتا ہے ۔