سرکاری کالجوں کی داخلہ پالیسی میں بڑی تبدیلی
پنجاب میں داخلوں کا ہدف 20 سے کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری کالجوں کی داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے رواں تعلیمی سال کے لئے داخلوں میں اضافے کا ہدف 20 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد مقرر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی آئی کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت صوبے بھر کے 750 سے زائد سرکاری کالج نئی پالیسی کے مطابق داخلے کریں گے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر کالج پہلے ہی اپنی مقررہ گنجائش سے زیادہ طلبہ کو داخلہ دے چکے ہیں، جس کے باعث سابقہ ہدف پر عملدرآمد مشکلات کا شکار تھا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جن کالجوں میں داخلوں کی شرح کم ہے وہاں انتظامیہ کو خصوصی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کم از کم 20 فیصد اضافی داخلے ممکن بنائے جا سکیں اور دستیاب وسائل کا بہتر استعمال ہو۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق دو سال قبل تمام کالجوں کو 20 فیصد اضافی داخلوں کا ہدف دیا گیا تھا تاہم موجودہ انفراسٹرکچر، سہولیات اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی میں نظرثانی کی گئی ہے ۔ نئی پالیسی سے تعلیمی معیار بہتر رکھنے میں مدد ملے گی۔