اے این ایف کی کارروائیاں، 65لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد

 اے این ایف کی کارروائیاں، 65لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد

راولپنڈی (آئی این پی )اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کارروائیوں کے دوران 65 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، خفیہ اطلاع پر فیڈرل بی ایریا میں واقع کورئیرآفس میں کارروائی کی گئی، جس کیدوران بحرین جانے والے پارسل کی تلاشی لینے پر اس میں موجود بچوں کے ملبوسات سے 4کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران صدرکے علاقے میں واقع کورئیرآفس میں بحرین بھجوائے جانے والے پارسل سے 6.350 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، مذکورہ آئس کو پارسل میں موجود مردانہ کپڑوں میں جذب کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی لاہور میں کارروائیوں کے دوران کینال روڈ لاہورکے قریب رکشے میں سوار ملزمان سے 4.8 کلوگرام چرس اور میکلورڈ روڈ لاہور مسجد کے قریب خاتون کے قبضے سے 3.6 کلوگرام چرس اور2.4کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔اسی طرح کسٹم چوک پشاورکے قریب ملزم کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس، بھکرروڈ ڈسٹرکٹ جھنگ کے قریب گاڑی سے 5 کلوگرام آئس، شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 14.400کلوگرام گرام چرس برآمد کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں