ایک سال میں محکمہ ایکسائز نے 25.43ارب خزانے میں جمع کرائے
ایک سال میں محکمہ ایکسائز نے 25.43ارب خزانے میں جمع کرائے ریونیو رجسٹریشن فیس، روڈ ٹیکس، ہوٹل ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں اکٹھا کیا گیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈی جی ایکسائز عرفان میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گزشتہ مالی سال کے دوران محکمہ کی ریونیو کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ کے سینئر افسران اور حکام نے شرکت کی اور مالی سال 2025-26 کے دوران جمع کیے گئے ٹیکسز اور محصولات کے حوالے سے جامع بریفنگ پیش کی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز نے گزشتہ ایک سال میں 25.43 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے جو محکمہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے ۔ یہ ریونیو مختلف ٹیکس ہیڈز بشمول ریونیو رجسٹریشن فیس، روڈ ٹیکس، ہوٹل ٹیکس، اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں اکٹھا کیا گیا۔ اس کے علاوہ محکمہ کو ایکسائز ڈیوٹی کے تحت 19.13 ارب روپے جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مد میں 6.30 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ عرفان میمن نے کہا کہ ریونیو میں یہ اضافہ شہریوں کا محکمہ ایکسائز اسلام آباد پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور بھروسے کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران شہریوں کے لیے جدید عوام دوست پالیسیاں متعارف کروائی گئیں، جن کا مقصد ٹیکس جمع کرانے کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا تھا۔ ان پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوا بلکہ محکمہ اور شہریوں کے درمیان بہتر روابط بھی قائم ہوئے ۔ڈی جی ایکسائز نے مزید کہا کہ محکمہ مستقبل میں بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ٹیکس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔