راولپنڈی میں ٹک ٹاکر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

 راولپنڈی میں ٹک ٹاکر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

ملزم بھی ٹک ٹاکر ہے ،فریقین ایک دوسرے کے خلاف ویڈیوز اپ لوڈ کرتے رہتے تھے

راولپنڈی(این این آئی)تھانہ سول لائن کے علاقے لالکڑٹی میں ٹک ٹاک ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے تنازع پر ٹک ٹاکر کے قتل اور اس کے دوست کو زخمی کرنے کے مقدمے میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا مرکزی ملزم بھی ٹک ٹاکر ہے اور دونوں فریقین ایک دوسرے کے خلاف ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپ لوڈ کرتے رہتے تھے ۔پولیس کے مطابق مقدمہ مقتول علی رضا کے بہنوئی عبداللہ خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق زخمی مراد نے بیان دیا کہ وہ علی رضا، اس کی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر اس کے گھر جا رہے تھے ۔ لالکڑٹی پہنچنے پر داور علی اور اس کے ایک نامعلوم ساتھی نے انہیں روک لیا اور علی رضا سے کہا کہ آج تجھے ٹک ٹاک پر ویڈیو لگانے کا مزہ چکھاتے ہیں، جس کے بعد دونوں نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں علی رضا موقع پر شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ مراد بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔ مقدمے کے مطابق داور علی نے اپنے ساتھی کے ہمراہ حیدر علی کی ایما پر علی رضا کو قتل اور مراد کو زخمی کیا۔پولیس حکام کے مطابق دونوں فریق آپس میں رشتہ دار بھی ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ٹک ٹاک پر ایک دوسرے کے خلاف ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے علاوہ رشتے اور منگنی کے معاملے پر بھی دونوں خاندانوں میں تنازع چل رہا تھا، جس کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...