منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری ،واپڈا ملازمین کا آج احتجاج کرینگے
آئیسکو کے تمام سرکلز کے عہدیدار پریس کلب کے باہر جمع ہونگے،پرامن ریلی نکالی جائیگی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری، سٹاف کی کمی اور دوران کار جان لیوا حادثات، کنٹریکٹ ملازمین کے مسلسل استحصال اور ملازمین کو درپیش دیگر مسائل اور حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف آج وفاقی دارالحکومت میں یونین کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین اور آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ اور دیگر عہدیداران کی قیادت میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
پاکستان بھر میں واپڈا کے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز پر یہ مظاہرے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے تحت کیے جا رہے ہیں جن کا بنیادی مقصد حکومت کو عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری سے روکنا ہے ۔ پروگرام کے مطابق آئیسکو کے تمام سرکلوں راولپنڈی سٹی و کینٹ، اٹک، جہلم، چکوال، اسلام آباد، جی ایس او، جی ایس ای، ایم اینڈ ٹی، کنسٹرکشن، سٹور، کمپیوٹر و فائنانس ڈائریکٹوریٹ، آئیسکو ہیڈ آفس اور دیگر تمام دفاتر سے ملازمین اور کارکنوں کے قافلے متعلقہ ریجنل، زونل، ڈویژنل اور سب ڈویژنل عہدیداران کی قیادت میں بدھ کی صبح 11بجے پریس کلب کے سامنے جمع ہوں گے جہاں مرکزی قائدین کی قیادت میں پرامن ریلی نکالی جائے گی اور نجکاری کے خلاف مزاحمت کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments