سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں بے قابو، تحصیل جڑانوالہ میں صورتحال انتہائی بدتر
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے عوام کو گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا،بیشتر سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت ،ریٹ لسٹ کاغذ کے ٹکڑابن کررہ گئی، مصنوعی مہنگائی کا بازار گرم
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بے قابو، مصنوعی مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، تحصیلجڑانوالہ میں صورتحال انتہائی بدتر،پرائس کنٹرول کا نظام مکمل مفلوج ہو گیا۔ مصنوعی مہنگائی غریب عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جسے وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے باوجود انتظامی افسروں کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ ریٹ لسٹ کی حیثیت کاغذ کے ایک ٹکڑے سے زیادہ کچھ نہیں ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے عوام کو گرانفروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ۔ ضلع بھر میں سب سے بری صورتحال تحصیل جڑانوالہ کے علاقے مکوآنہ میں ہے ۔گزشتہ روز کی ریٹ لسٹ کے مطابق آلو نیا 100 روپے کلو ہے جبکہ دکانوں پر 160 روپے کلو فروخت ہورہا ہے بھنڈی توری ریٹ لسٹ پر 180، دکانوں پر 400 روپے کلو سے زائد میں فروخت ہورہی ہے ۔ ٹماٹر ریٹ لسٹ 290 ، دکانوں پر 600 روپے کلو تک مل رہا ہے ٹینڈے ریٹ لسٹ پر 125اور دکانوں پر 200روپے کلو اروی ریٹ لسٹ پر 80اور دکانوں پر 200 روپے کلو ہے جبکہ پھلوں کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں ریٹ لسٹ کے مطابق سندھڑی 220روپے کلو ہے اور دکانوں پر 400 روپے کلومل رہاہے ۔ریٹ لسٹ پر کالا چونسہ 160 ، دکانوں پر250روپے ہے ۔ چونسہ سفید ریٹ لسٹ کے مطابق 200اور دکانوں پر 300سے 350روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت سے مصنوعی مہنگائی بے لگام ہوچکی ہے ۔
دکاندار مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر، آلو، پیاز، ادرک، لہسن، لیموں، بھنڈی، شملہ مرچ، سبز مرچ، آم، سیب، کیلا اور دیگر پھل و سبزیاں سرکاری نرخوں کی بجائے من مانے داموں فروخت کی جا رہی ہیں کئی مارکیٹوں اور ریڑھی بانوں کے پاس ریٹ لسٹ بھی آویزاں نہیں ہوتی جبکہ بعض دکاندار سرکاری نرخ دکھا کر بھی زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فیلڈ میں موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے ، جسکا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خور عناصر نے مصنوعی مہنگائی کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ ریٹ لسٹ جاری ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد کرانے والا کوئی نظر نہیں آتا جس سء غریب اور متوسط طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments