نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 کا باضابطہ اجرا
پلان انسانی حقوق کے نظام کو مضبوط بنانیکی جانب ایک اہم سنگ میل ،بیرسٹر عقیل
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزارتِ انسانی حقوق نے یورپی یونین کے تعاون سے \"حقوقِ پاکستان II\" منصوبے کے تحت نیشنل ایکشن پلان برائے انسانی حقوق 2026 (NAP-HR 2026) کا باضابطہ اجرا کر دیا جس کا مقصد ملک بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مربوط قومی حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے ۔افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، ارکان پارلیمنٹ، سفارت کاروں، وفاقی و صوبائی حکام، قومی انسانی حقوق کے اداروں، سول سوسائٹی، جامعات، ترقیاتی شراکت داروں، اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں توثیق شدہ نیشنل ایکشن پلان 2026 کی رونمائی کی گئی، جو سابقہ ایکشن پلانز کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد میں موجود خامیوں اور انسانی حقوق سے متعلق ابھرتی ترجیحات کو بھی مدنظر رکھتا ہے ۔وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ نیا ایکشن پلان پاکستان کے انسانی حقوق کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ آئینی ضمانتوں کو عملی اور قابلِ پیمائش اقدامات میں تبدیل کرنے ، قومی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے ایکشن پلان کی تیاری میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، قومی انسانی حقوق کے اداروں، سول سوسائٹی، جامعات اور یو این ڈی پی پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان 2026 ملک گیر مشاورتی عمل کا نتیجہ ہے ، جو وزارت نے یو این ڈی پی اور یورپی یونین کے \"حقوقِ پاکستان II\" منصوبے کے اشتراک سے مکمل کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments