پارلیمنٹ کا بنیادی مقصد مؤثر قانون سازی کو یقینی بنانا،سیدال خان
صحت اور تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کے بنیادی ستون،سرمایہ کاری کی ضرورت
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں بلوچستان سے رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل قادر مندوخیل، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور ان کی اہلیہ، معروف قبائلی عمائدین، ممتاز تاجر رحمت السلام خٹک، وکلا، ڈاکٹرز، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران ملکی و علاقائی صورتحال، موجودہ سیاسی و معاشی حالات، پارلیمنٹ کے کردار، قانون سازی کے عمل، قومی یکجہتی، وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی، عوامی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری و مجوزہ منصوبوں، نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ترقیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی علامت اور تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا اہم ترین آئینی ادارہ ہے۔ پارلیمنٹ کا بنیادی مقصد ایسی مؤثر قانون سازی کو یقینی بنانا ہے جو عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے، اداروں کو مضبوط بنائے اور ملک کو سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی جانب لے کر جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں، لہٰذا ان شعبوں میں سرمایہ کاری، جدید سہولیات کی فراہمی اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنا قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام پسماندہ علاقوں کی متوازن ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنا پائیدار قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ ملاقاتوں کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments