بری امام عرس کی تقریبات جاری ،ہزاروں افراد کی شرکت
محفل نعت ،معروف نعت خواں حضرات نے خوبصورت کلام سے محفل کو دوبالا کر دیاشہریوں اور زائرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) برصغیر کے ممتاز روحانی بزرگ حضرت شاہ عبدالطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی 3روزہ تقریبات نورپورشاہاں میں جاری ہیں، عرس کے پہلے دن محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف نعت خواں حضرات نے خوبصورت کلام سے محفل کو دوبالا کر دیا۔ نعت خوانوں میں محمد عامر فیاضی، محمود الحسن اشرفی، محمد خاور نقشبندی، شہباز قمر فریدی، بلال حیدر و دیگر شامل تھے۔ محفل نعت کی نظامت کے فرائض صاحبزادہ محمد رضوان خالد نے سرانجام دیئے جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت قاری سید مزمل ہاشمی نے حاصل کی، عرس کے دوسرے دن محفل سماع کے موقع پر ملک کے معروف قوال آصف علی خان سنتو، محمد سمیع نے اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر سید الطاف حسین شاہ، سید امتیاز حسین شاہ، مفتی محمد حنیف قریشی، عبدالرزاق جامی، پیر عبید احمد عبید نقشبندی، عبداللہ گل، پیر سید شمس مشہدی و دیگر نے خوبصورت بیانات سے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر حنیف عباسی، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، سیاسی و سماجی شخصیات، مذہبی رہنماؤں سمیت عقیدت مند بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر فاتحہ ؤخوانی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اسلام آباد پولیس نے بری امام عرس کے موقع پر شہریوں اور زائرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے بری امام کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو مؤثر اور ذمہ دارانہ انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments