ربیع الاول کو عشرئہ رحمت للعالمین قرار دیا جائے ، مقررین
ربیع الاول کو عشرئہ رحمت للعالمین قرار دیا جائے ، مقررین آزادی پاکستان اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور انمول عطیہ ہے ، لاکھوں قربانیوں سے ملک ملا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) مرکزی میلاد کمیٹی، نعت کونسل اور ضلع بھر کی مختلف میلاد کمیٹیوں کے عہدیداروں کے اجتماع میں مقررین نے کہا ہے کہ آزادی پاکستان اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور انمول عطیہ ہے ، جس کے حصول کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہ ربیع الاول کو ‘‘عشرئہ رحمت للعالمین ﷺ’’ کے طور پر منانے کا باضابطہ اعلان کیا جائے ۔یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے مرکزی میلاد کمیٹی و نعت کونسل کے صدر چوہدری خالد اقبال مسرت، پیر محبوب سبطین شاہ، علامہ محمد یوسف گولڑوی، مولانا پیر عامر اسلم ساہی، قاضی احمد حسن چشتی، مولانا محمد بخش قمر، پروفیسر ثمر عباس، مولانا ابو رضا نقشبندی، مولانا قاری محمد نوید، قاری محمد رفیق اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی قربانیاں آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں اور یہ حقیقت واضح کرتی ہیں کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری انسانیت کے لیے عظیم انعامِ خداوندی ہے اور آپ ﷺ کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔خطباء نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی، معاشی اور اخلاقی مسائل کا حل تعلیماتِ نبوی ﷺ اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ میں مضمر ہے ۔اجتماع کے اختتام پر شرکاء نے عہد کیا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کو عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ بعد ازاں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، امت مسلمہ کے اتحاد اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments