پابندی کے باوجود پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال جاری
ہوٹلوں اور چائے خانوں پر کھانے پینے کی اشیاء اب بھی پلاسٹک بیگز میں پیک کرکے دی جا رہی ہیں،شاپنگ بیگز ماحولیات کے لیے سنگین خطرہ :ماہرین
سرگودھا (سٹاف رپورٹر ) حکومت پنجاب کی جانب سے سنگل یوز پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال، خرید و فروخت پر پابندی عائد کیے جانے کے باوجود سرگودھا شہر میں اس پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔ شہر کے مختلف ہوٹلوں، کریانہ اسٹورز، مٹھائی کی دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز پر پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال بدستور جاری ہے ، جس پر شہریوں اور ماہرینِ ماحولیات نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات سرگودھا نے تقریباً چار ماہ قبل پلاسٹک شاپنگ بیگز فروخت کرنے والے دکانداروں اور کاروباری افراد کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز کے اندر ان کی خرید و فروخت اور استعمال بند کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز کا استعمال مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں اور چائے خانوں پر کھانے پینے کی اشیاء اب بھی پلاسٹک بیگز میں پیک کرکے دی جا رہی ہیں، جبکہ کریانہ اسٹورز، مٹھائی کی دکانوں، سبزی فروشوں اور دیگر کاروباری مراکز پر بھی گاہکوں کو سامان پلاسٹک شاپنگ بیگز میں فراہم کیا جا رہا ہے ۔ بعض علاقوں میں بڑی مقدار میں پلاسٹک بیگز کی دستیابی پابندی کے مؤثر نفاذ پر سوالیہ نشان بن گئی ہے ۔ماہرینِ ماحولیات کے مطابق پلاسٹک شاپنگ بیگز ماحولیات کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ یہ زمین میں آسانی سے تحلیل نہیں ہوتے ، نالوں اور سیوریج لائنوں کی بندش کا باعث بنتے ہیں اور بارش کے دوران نکاسی آب کے مسائل کو مزید سنگین بنا دیتے ہیں۔
علاوہ ازیں کھلے مقامات پر پڑے پلاسٹک بیگز مویشیوں اور دیگر جانوروں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔دوسری جانب محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام کا کہنا ہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ ان کے مطابق مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ہزاروں کلوگرام پلاسٹک بیگز قبضے میں لیے جا چکے ہیں جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں اور کاروباری افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کے مؤثر نفاذ کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت بنایا جائے اور ماحول دوست متبادل اشیاء کے استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حکومتی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments