ٹیلی کام سروسز کومعیاری بنانا پی ٹی اے کی ترجیح:ڈی جی انفورسمنٹ
کیبل آپریٹرز کو پی ٹی اے کے لائسنسنگ نظام میں لانیکی ضرورت:اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ نے گزشتہ روز فکسڈ لائن لائسنس یافتگان (ایف ایل ایل)، کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (سی وی اے ایس) اور نئی متعارف کردہ ڈیٹا کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (ڈی سی وی اے ایس) کے لائسنس یافتگان کے ساتھ متعدد اجلاس کیے۔ اجلاس میں صارفین کو فراہم کی جانے والی فکسڈ براڈ بینڈ سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پی ٹی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں سے پی ٹی اے کے اہم لائسنس یافتہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ نے انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والے تمام کیبل آپریٹرز کو پی ٹی اے کے لائسنسنگ نظام کے دائرہ کار میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پی ٹی اے کی جانب سے اہل آپریٹروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کا بنیادی مقصد ملک بھر میں فکسڈ براڈ بینڈ سروسز کے فروغ اور توسیع کو یقینی بنانا ہے۔ تاکہ صارفین کو سروس فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے طے شدہ بینڈوڈتھ کے مطابق انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہو اور وہ بہتر معیار کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ اور ٹیلی کام سروسز کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا پی ٹی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments