یونین کونسل 2 میں سیوریج کا نظام تباہ حال ہوچکا
یونین کونسل 2 میں سیوریج کا نظام تباہ حال ہوچکا ہے ، متعدد سڑکوں پر سیوریج کا پانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمع ہے جب کہ سینٹرل جیل سے ملحقہ علاقوں میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے فراہم کیا جانے والا پانی پینے کے قابل نہیں ہے ۔غوثیہ کالونی اور کراچی سینٹر کے مکینوں نے بتایا کہ علاقے میں گندے پانی کی شکایت کئی برس سے ہے اور متعلقہ انتظامیہ سے اہل علاقہ نے شکایات کی ہیں کہ پانی کا مسئلہ حل کیا جائے تاہم اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔اس موقع پر پرنٹنگ کارپوریشن اسٹاف کالونی کے رہائشی شکیل نے نمائندہ ’’دنیا‘‘ کو بتایا کہ پورے علاقے میں سیوریج کا نظام تباہ ہوچکا ہے، مختلف گلیوں میں اکثر سیوریج کا پانی کھڑا رہتا ہے جس سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے جب کہ گلیوں میں تجاوزات نے علاقہ مکینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔پرنٹنگ کارپوریشن اسٹاف کالونی سے ہفتوں کچرا نہیں اٹھایا جاتا ، کچرے سے اٹھنے والے تعفن سے تنگ آکر اسٹاف کالونی کے مکین کالونی کے مرکزی دروازے کے نزدیک واقع عارضی کچرا کنڈی میں پڑے کچرے کو اسی مقام پر آگ لگاکر جلانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔