رمضان تمباکونوشی سے چھٹکارے کا موقع ہے ،ندیم رضوی

رمضان تمباکونوشی سے چھٹکارے کا موقع ہے ،ندیم رضوی

سگریٹ میں موجود کیمیکل میں ٹار، آرسینک ، کینڈ کم بیٹریوں میں استعمال ہوتے ہیںگٹکا، سگریٹ ،تمباکو ، نسوار ،پان ترک کردیں تو45فیصد کینسر کا خاتمہ ہوسکتا ہے، گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کے شعبہ امراض سینہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد رضوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ تمباکو نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے تمباکو نوشی کے عادی افراد جس طرح روزے کے دوران سگریٹ کا استعمال ترک کر دیتے ہیں اسی طرح اگر وہ افطار کے بعدبھی سگریٹ نوشی سے گریزکریں اوراس پورے ماہ کے دوران تھوڑی سی کوشش کرکے خود کو سگریٹ سے دور رکھیں تو اس عادت سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے ۔جناح اسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم احمد رضوی نے بتایا کہ پاکستان میں مردوں کو سب سے زیادہ زبان ،جبڑے اورحلق کا کینسر لاحق ہے جسکی بنیادی وجہ گٹکا، چھالیہ، سگریٹ ،تمباکو ، نسوار اور پان ہے اگر اس کا استعمال ترک کر لیا جائے تو پاکستان سے 45فیصد کینسر کا خاتمہ ہوسکتا ہے جبکہ سینے کے مختلف امراض بھی کم ہوسکتے ہیں اوررمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہمیں یہ موقع فراہم کررہاہے کہ ان تمام چیزوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سگریٹ میں 5ہزار کیمیکل ہوتے ہیں جن میں سے 50کیمیکل کینسر کا سبب بنتے ہیں ان میں سب سے زیادہ خطرناک ٹار، آرسینک اور کینڈ کم ہیں جو بیٹریوں میں استعمال ہوتے ہیں ۔ سگریٹ سے پھیپھڑوں اورآواز کے باکس (لیرکس)سمیت دیگر کئی کینسر ہوتے ہیں اس کے علاوہ سگریٹ میں کیمیکل نیکوٹین استعمال کیا جاتا ہے جو ایک قسم کی ہیروئن اور چرس ہے اور پینے والے کو عادی بنا دیتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں