اندرون سندھ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 16ملزمان گرفتار , منشیات برآمد

اندرون سندھ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 16ملزمان گرفتار , منشیات برآمد

سکھر پولیس نے مختلف علاقوں میں کی گئی کارروائیوں میں 10ملزمان کوگرفتار کیا، لاڑکانہ پولیس نے ہیروئن کی 130 پڑیاں برآمد کیں ٹنڈوآدم میں گٹکے کی فیکٹری پر پولیس کا چھاپہ ، مالک پکڑا گیا، ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان کی ملزمان کو چھوڑنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی

سکھر، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 16ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر شیرا ز نذیر کی ہدایت پر سکھر پولیس کی جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اے سیکشن پولیس نے ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزمان اللہ بخش مالی اور بہادر جمالی کو گرفتار کر لیا ، روہڑی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت دو ملزمان قربان جتوئی اور محمد فیصل آرائیںکو گرفتار کرکے روہڑی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا ہے ، ائر پورٹ پولیس نے بائی پاس کے قریب ناکہ بندی کے دوران چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کر کے اصل مالک سہیل شبیر سیال کے حوالے کردی، دوسری جانب کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مفرور ملزمان محمد اسلم اور سردار بخش کو گرفتار کر لیا ہے ، اسی طرح نیوپنڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب دو مفرور ملزمان عمران راجپوت اور سلطان راجپوت کو گرفتار کرلیا،آباد پولیس نے ائرپورٹ روڈ کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک مفرور ملزم غلام شبیر کھوسو کو گرفتار کرلیا ، ملزم کے خلاف مقدمہ درج تھا، اے سیکشن پولیس نے منشیات فروش شکیل احمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے گٹکا برآمد کرلیا۔ لاڑکانہ میں سی آئی اے پولیس نے دڑی تھانے کی حد ود میں کارروائی کے دوران منشیات فروش وسیم شیخ کو ہیروئن کی 130 پڑیوں سمیت جبکہ سیہڑ پولیس نے دوران چیکنگ روپوش ملزم محمد علی عرف نادر لاکھیر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ٹنڈوآدم میں بی سیکشن پولیس نے گٹکے کی فیکٹری پر چھاپہ مارکر فیکٹری کے مالک سہیل بلوچ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے گٹکا بنانے کی مشین، چھالیہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا جبکہ سٹی پولیس نے جے کمار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30بوتل شراب برآمد کرلی، پولیس نے سلیمان میواتی اور احسان خاصخیلی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں گٹکا برآمد کرلیا۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان توقیر محمد نعیم نے بلڑی شاہ کریم میں سی آئی اے پولیس کی جانب سے پکڑے گئے منشیات فروشوں کو چھوڑنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بلڑی شاہ کریم کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی اور سی آئی اے سب انسپکٹر جان محمد کیریو، اور ہیڈ محرم عمر کاکا کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں