موریا نہر میں شگاف کے بعد ہیوی مشینری سے صفائی
محراب پور(نمائندہ دنیا )موریا مانیئر کی بھل صفائی نہ ہونے ، کھدے پڑنے سے نہر میں شگاف پڑنا معمول بن گیا، جس کے باعث کئی دیہات ڈوبنے کا خدشہ بڑھ گیا۔
اطلاعات کے مطابق کمال ڈیرو اور گردونواح کے علاقوں سے گزرنے والی موریا مائنر کی کئی برس سے بھل صفائی نہیں ہوئی جس سے شگاف پڑ جاتا اور فصلیں زیر آب آ جاتی ہیں، گزشتہ روز بھی نہر میں شگا ف پڑ گیا جس کی اطلاع کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ نہیں پہنچ سکا۔ مشتعل علاقہ مکینوں نے محمد سومر ابڑو، محمد حسن ابڑو، محبوب کلہوڑو، دین محمد کلہوڑو اور دیگر کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے افسران اور عملے کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ انتظامیہ معاملے کا فوری نوٹس لے ، بصورت دیگر ایس ڈی او اور انجینئر آفس کے سامنے احتجاج کریں گے ۔ دوسری طرف بعدازاں محکمہ آبپاشی روہڑی سب ڈویژن کنڈیارو نے موریا مائنر برانچ کی غیر قانونی کھدائی اور شگاف کا نوٹس لے لیا اور بھاری مشینری کے ذریعے کھڈے ، شگاف کو بند کر ادیا ۔