حیدر آباد:بھارت کے مسلسل اشتعال انگیز بیان پرہندو کمیونٹی کا مظاہرہ
وزیر دفاع راج ناتھ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کررہے ، رہنما
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ہندو کونسل حیدرآباد کی اپیل پر اقلیتی کمیونٹی کی جانب سے بھارتی وزیرِ دفاع کے مسلسل پاکستان مخالف اور اشتعال انگیز بیانات کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیاگیا۔ جس کی قیادت ڈاکٹر امرشی ٹھاکر، رمیش کمار راٹھور اور دیگر رہنماکررہے تھے ،شرکا بھارتی وزیرِ دفاع کے خلاف اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے ۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِ دفاع اپنے ملک کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ ہٹانے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی ناکامیوں کے باعث بھارت کی داخلی صورتحال نہایت خراب ہوچکی ہے ، وہاں کی اقلیتی برادری غیر محفوظ اور عوام کی معاشی و سماجی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے ۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی پرامن پالیسی پر قائم ہے اور پاک فوج سمیت تمام سکیورٹی ادارے وطنِ عزیز کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔