نوابشاہ میں فل اسکیل ایئر پورٹ ایمر جنسی ایکسر سائز کا انعقاد

نوابشاہ میں فل اسکیل ایئر پورٹ ایمر جنسی ایکسر سائز کا انعقاد

مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف اداروں کی تیاری تھاکمشنر نے مشاہدہ کیا، قیمتی جانیں بچانے کیلئے ایسی مشقیں ضروری ہیں، شہمیر بھٹو

نوابشاہ (نمائندہ دنیا)ایئرپورٹ پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے فل اسکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز (AIREX-25) منعقد کی گئی، جس کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کی تیاری، باہمی رابطے اور ردِعمل کا عملی جائزہ لینا تھا۔ فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز میں کمشنر نوابشاہ شہمیر خان بھٹو نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشقیں ہنگامی حالات میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی مشقوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے ، تاکہ تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی مزید بہتر ہو اور ہنگامی صورتحال میں مؤثر اور فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ایئرپورٹ منیجر نوابشاہ محمد صفوان عزیز اور چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر محمد سہیل نے بتایا کہ فرضی مشقیں ہر 2 سال بعد کرائی جاتی ہیں، جس کا مقصد خدانخواستہ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور رسپانس کا جائزہ لینا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی گئی مشق تقریباً کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مشق میں فرضی حادثے کے منظرنامے کے تحت ایئرپورٹ ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروس، ایمبولینس، سول ایوی ایشن، ضلعی انتظامیہ، پولیس، صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں