ڈسٹرکٹ جیل ٹھٹھہ میں بھی مبینہ تشدد سے ایک قیدی ہلاک
علی بخش کوگرفتاری کے بعد ہاف فرائی، جیل میں بدترین تشدد کیا گیا، ورثاقیدی نے جیل میں خودکشی کی، شواہد موجود ہیں، پولیس،متوفی سپرد خاک
سجاول (نامہ نگار)نو تعمیر ڈسٹرکٹ جیل ٹھٹھہ میں بھی مبینہ تشدد سے ایک قیدی ہلاک ہو گیا، جس پر ورثا نے شدید احتجاج کیا ہے ۔ ہلاک ہونے والے قیدی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ ورثاء کی جانب سے قیدی کو تشدد کرکے ہلاک کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ چند روز قبل سجاول میں موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار تیس سالہ علی بخش کوچاریو کو ڈسٹرکٹ جیل ٹھٹھہ منتقل کیا گیا تھا، جو جیل میں دم توڑ گیا۔ ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ علی بخش کو گرفتاری کے بعد ہاف فرائی کیا گیا اور جیل میں بھی بدترین تشدد کیا گیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی بخش کے قتل کی تحقیقات کی جائے اور انہیں انصاف دیا جائے۔
دوسری جانب سول اسپتال ٹھٹھہ سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور گھر میں کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ فوتی قیدی علی بخش نے جیل میں خودکشی کی ہے ، جس کے شواہد موجود ہیں۔ تاہم اہلِ خانہ نے پولیس موقف کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مرحوم علی بخش دو بیٹوں اور چار بیٹیوں کا باپ تھا۔ مرحوم قیدی کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں حسین کوچاریو میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد انہیں آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا گیا ہے ۔