محراب پور:گروہی تصادم کے دوران گولی لگنے سے راہگیر جاں بحق

محراب پور:گروہی تصادم کے دوران گولی لگنے سے راہگیر جاں بحق

علی حسن زدمیں آیا، ٹھری میرواہ، شہداد پور، پڈعیدن، جھڈو میں مختلف واقعات،3 امواتجیکب آباد، محراب پور میں پولیس مقابلوں کے دوران زخمی ڈاکو اور بھتہ خور گرفتار کرلئے گئے

محراب پور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) محراب پور میں گروہی تصادم کے دوران گولی لگنے سے راہ گیر جاں بحق ہوگیا، جبکہ دیگر شہروں میں حادثات وواقعات میں 3 اموات ہوئی ہیں، مقابلوں میں زخمی ڈاکو اور بھتہ خور بھی دھر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ٹھری میرواہ تھانے کی حدود گاؤں مروڑو میں بھانبن اور ملاح برادریوں کے تصادم میں گولیاں چل گئیں ، جن کی زد میں آکر راہگیر علی حسن مری جاں بحق ہوگیا۔ شہدادپور میں شاہ پور چاکر روڈ پر تیز رفتار کار اور چنگ چی رکشے میں تصادم سے کار میں سوار جٹیہ گوٹھ کا رہائشی 60 سالہ امین آرائیں جاں بحق اور دو افراد فیصل امین اور طاہر آرائیں زخمی ہوگئے۔

پڈعیدن میں قومی شاہراہ پر درس تھانے کی حدود میں تیز رفتار مزدا نے آگے جانے والے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ محسن علی ولد نواز علی کو کچل کر ہلاک کردیا،متوفی شادی کا سامان لے جارہا تھا۔ جھڈو میں غربت سے تنگ آکر گاؤں حمزہ جروار کے رہائشی 25 سالہ دو بچوں کے باپ جمیل ولد کریم بخش جروار نے خودکشی کرلی۔ دریں اثنا محراب پور ڈکیتی کیلئے کھڑے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، دو فرار ہوگئے ، پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کی شناخت گاؤں رحیم چنڈ کے رہائشی غلام مصطفی ولد محمد صالح کورائی کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر جیکب آباد میں گڑھی خیرو کے قریب مقابلے میں بھتہ طلب کرنیوالا ملزم شمن ولد سعید محمد بروہی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے چار ساتھی فرار ہوگئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں