سندھ ہائیکورٹ کے احاطے میں آوارہ کتوں کی بہتات

سندھ ہائیکورٹ کے احاطے میں آوارہ کتوں کی بہتات

آوارہ کتوں کے باعث وکلا سائلین اور عدالتی عملے میں عدم تحفظ کا احساس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں آوارہ کتوں کی آزادانہ نقل و حرکت نے وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ، ذرائع کے مطابق سردیوں کی عدالتی تعطیلات کے باعث سندھ ہائی کورٹ میں وکلاء اور سائلین کا رش معمول سے کم ہے تاہم اس کے باوجود آوارہ کتوں کی موجودگی نے وکلا سائلین اور عدالتی عملے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے ۔ وائرل ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد آوارہ کتے ہائی کورٹ کی پارکنگ، داخلی راستوں اور دفاتر کے اطراف مٹر گشت کر رہے ہیں۔

وکلا اور عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے اور ریبیز جیسے مہلک مرض کے خدشات کے باعث وہ شدید خوف اور پریشانی کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق اگر رش کے دنوں میں یہی صورتحال برقرار رہی تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ قانونی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ انتظامیہ اور متعلقہ بلدیاتی ادارے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالیں تاکہ عدالتی احاطے کے تقدس اور وکلاء، سائلین و عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں