ہم جہاں کام کرتے وہاں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں،میئر

ہم جہاں کام کرتے وہاں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں،میئر

ٹاؤنز مجھ سے زیادہ بااختیار، چیئرمین یہ چورن نہ بیچیں کہ ہمارے پاس اختیار نہیںکریم آباد انڈر پاس فروری کے پہلے ہفتے میں کھول دیا جائے گا،، مرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی صفورا ٹاؤن گلزارِ ہجری اسکیم 33 میں 104 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی رحیم بخش سومرو روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا،اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین بشیر خاصخیلی،پاکستان پیپلزپارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند ، آصف خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔میئر کراچی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحیم بخش سومرو روڈ 3500 فٹ طویل اور 36 فٹ چوڑی ہے جسے جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے ،سڑک کی تعمیر میں 12 انچ سب بیس اور 8 انچ ایگریگیٹ استعمال کیا گیا ہے جبکہ کرب بلاکس سمیت 130,000 مربع فٹ کارپٹ ایریا کو 3 انچ بائنڈر کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔

نئی تعمیر شدہ سڑک پر لین مارکنگ اور کیٹ آئیز بھی نصب کی گئی ہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ٹاؤنز کے پاس مجھ سے زیادہ اختیارات ہیں۔ ٹاؤن چیئرمین لوگوں کو یہ چورن نہ بیچیں کہ ہمارے پاس اختیار نہیں، ہم جہاں کام کرتے ہیں وہاں مدد کے بجائے رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ اگر ٹاؤن چیئرمین کام نہیں کر سکتے تو میں کر کے دوں گا۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ کے لیے 31 جولائی کی ڈیڈلائن مقرر ہے جبکہ کریم آباد مینا بازار انڈر پاس فروری کے پہلے ہفتے میں کھول دیا جائے گا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی سے ایم کیو ایم کے دو درجن کے قریب ایم پی ایز ہیں، وہ آئیں اور ساتھ بیٹھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں