کورنگی میں تیز رفتار بس نے اسکول کی پرنسپل کو کچل دیا
موٹرسائیکل پر اسکول جارہی تھیں ،حادثے میں شوہر اور 8 سالہ بیٹا زخمیبس انتہائی خستہ حال اور نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی ،پولیس،ڈرائیورفرار
کراچی (آئی این پی)کورنگی نمبر 4 میں تیز رفتار بس نے اسکول کی پرنسپل کو روند ڈالا جبکہ شوہر اور 8 سالہ بیٹا زخمی ہوا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں ایک بس کی ٹکر سے 35 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی، سمرین نجی اسکول کی پرنسپل تھیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت وہ موٹرسائیکل پر اپنے شوہر آصف اور 8 سالہ بیٹے کے ساتھ اسکول جا رہی تھیں۔پولیس نے کہا کہ بس انتہائی خستہ حال تھی اور اس کی نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی جبکہ مسافر بس 1978 ماڈل کی لگتی ہے ۔ حکام کے مطابق زخمی شوہر اور بیٹے کو جناح اسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا اور حادثے کے بعد بس کو تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
زخمی شوہر اور بیٹے کو جناح اسپتال میں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔گذشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے ۔مواچھ موڑ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جان سے گیا جبکہ حادثہ کے بعد ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔دوسرے واقعے میں ولیکامل سائٹ کیقریب ٹریلر کی ٹکر سے ایک شخص جان سیگیا تھا جبکہ شیر شاہ کے علاقہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے ایک شخص جاں بحق ہوا اور گزری پل پر تیز رفتار موٹر سائیکل فٹ پاتھ سے ٹکرانے سے باسط نامی موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہوگیا تھا۔