محراب پور، نوڈیرو، جھڈو میں چوری ڈکیتی وارداتیں، 4ملزم گرفتار
تالے توڑکر دکان کاصفایا، کار بھی چوری، نوڈیرو، جھڈو میں گرفتاریاں عمل میں آئیں
اندرون سندھ(نمائندگان)سندھ کے مختلف شہروں میں چوری ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوئی ہیں، جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ محراب پور میں کنڈیارو تھانے کی حدود سے محکمہ بلدیہ کنڈیارو آفس کے پاس کھڑی ہوئی عرفان پیرزادہ کی مہران کار نمبر اے ایم جی 819 چور لے اڑے ، کریانہ شاپ میں چوری کی واردات بھریا سٹی تھانے کی حدود میں نادرا آفس کے پاس ہوئی، جہاں پر انور راجپوت کی دکان کے تالے توڑ کر چور لاکھوں مالیت کا سامان چرا کر لے گئے ۔ ادھر نوڈیرو تھانے کی حدود پنجودیرو کے علاقے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایکٹو کرمنل شہزادو عرف چھلو جیہو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سورج میرجت گینگ کا اہم رکن ہے اور اس کے خلاف نوڈیرو، لاڑکانہ سمیت مختلف تھانوں میں ایک درجن سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے لاڑکانہ اور نوڈیرو کے مختلف علاقوں سے متعدد موٹر سائیکلیں چھیننے اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ جھڈو پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے گٹکے ، مین پوریاں اور چرس برآمد کرلی، گرفتار ملزمان میں ثاقب علی قائم خانی علی غلام جروار، آصف عرف کوڈو شیدی، جاوید علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔