حیدر آباد:پبلک اسکولوں کے قیام کے حوالے سے کمشنر کااجلاس
مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار میں اسکولوں کی تکمیل میں سست روی کاجائزہ لیا
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)کمشنر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت کمشنر ہاؤس میں صوبائی اے ڈی پی اسکیم سندھ میں پبلک اسکولوں کا قیام (5 یونٹس)کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے اپنے اضلاع میں قائم پبلک اسکولوں کے ڈھانچے و مالی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، اور ٹنڈوالہیار میں قائم پبلک اسکولوں کے تکمیل میں سست روی کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر فیاض حسین عباسی نے اسکیموں میں غیر معمولی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پبلک اسکولوں جیسی فلیگ شپ تعلیمی اسکیمیں کیوں تعطل کا شکار ہیں۔
متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان پبلک اسکول میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر مکمل ہوچکاہے ، تاہم محکمانہ انکوائری اور ہینڈ اوور کے فیصلے نہ ہونے کے باعث عمارت تاحال استعمال میں نہیں آسکی ہے ، جس کے نتیجے میں بلاک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ 2018 سے بانڈری وال اور دیگر بلاکس کی حالت جوں کی توں ہے اور انکوائری مکمل ہونے تک ریٹی فکیشن ممکن نہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مٹیاری اور ٹنڈوالہ یار کے پبلک اسکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے ۔ جبکہ ٹنڈو محمد خان کے کیس میں جاری ڈپارٹمنٹل انکوائری کے جلد فیصلے کے بعد فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ جو انفرا اسٹرکچر موجود ہے اسے فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔