پارکنگ فیس کے نام پرشہریوں کو لوٹنے والے مزید 12افراد گرفتار
کراچی (آئی این پی)شہر قائد میں پارکنگ فیس کے نام پر لوٹنے والے مزید 12 افراد گرفتار کر لیے گئے ۔کراچی کے مرکزی علاقے صدر میں پارکنگ فیس کے نام پرشہریوں کو لوٹنے والے پارکنگ مافیا کارندے قانون کے شکنجے میں آ گئے ہیں۔۔۔
ریگل چوک اور عبداللہ ہارون روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے ۔صدر میں تجاوزات اور پارکنگ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار پریڈی تھانے پہنچ گئے ، شہریوں کو غیر قانونی طور پر چارجڈ فیس کی مد میں لوٹنے والے پارکنگ مافیا کے خلاف خود اسسٹنٹ کمشنر نے مزید 12 مقدمات درج کرا دیے ، اور مزید 12 افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔تمام مقدمات ٹریفک پولیس کی مدعیت میں درج کروائے گئے ہیں، یہ ایکشن غیر قانونی چارجڈ فیس اور پارکنگ مافیا کے کارندوں کی جانب سے شہریوں سے بدسلوکی کے واقعات پر کیا گیا، اب تک غیر قانونی پارکنگ، چارجڈ فیس کے نام پر 40 سے زائد مقدمات اور 30 سے زائد افراد زیر حراست ہیں۔