بعض نجی اسکولوں کااوقات کی تبدیلی سے انکار

بعض نجی اسکولوں کااوقات کی تبدیلی سے انکار

کئی نجی اسکول اپنے پرانے یا رائج اوقات پر ہی صبح 8بجے شروع ہوئے ہدایت نامے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی،پروفیسر رفعیہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائدکے بعض نجی اسکولوں نے موسم سرما میں تعلیمی اداروں کے اوقات کی تبدیلی کے ہدایت نامے کو ماننے سے انکار کردیا۔ سرد موسم کی شدت کے باوجود شہر کے کئی نجی اسکول پیر کو اپنے پرانے یا رائج اوقات پر ہی صبح 8 بجے شروع ہوئے جس کے سبب متعلقہ نجی اسکولوں کے ہزاروں بچے حکومت سندھ کے اوقات کی تبدیلی سے متعلق نوٹیفکیشن کا فائدہ نہیں اٹھاسکے اور طلبہ سردی میں صبح کے وقت 7 اور ساڑھے 7 بجے ٹھٹھرتے ہوئے ہی اسکول گئے ۔دوسری جانب ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے نجی اسکولوں کے نام ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔

جس میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 12 جنوری سے 26 جنوری تک صبح 9 بجے سے شروع ہونگے ۔اس اثناء میں اگر کوئی اسکول مذکورہ ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس اسکول کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی، ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن پروفیسر رفعیہ جاوید کی جانب سے جاری اس مراسلے میں کہا گیا یے کہ تمام نجی اسکول محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اسکولوں کے اوقات کی تبدیلی کے حوالے سے 10 جنوری کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن پر اس کی رو کے مطابق عملدرآمد کے پابند ہیں اور تمام اسکول صبح 9 بجے سے ہی شروع ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں