جارحانہ امریکی عزائم سے عالمی امن کوخطرہ،لیاقت بلوچ
فلسطینیوں کی نسل کشی پرخاموش طاغوتی قوتوں کا منافقانہ کردار بے نقاب ہوچکا نظام وقیادت کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی تقدیر کو بدلاجاسکتا ،اجلاس سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاست کو بندگلی سے نکالنے کے لیے قومی قیادت کوذاتی مفادات سے بالاترہوکرسرجوڑ کربیٹھنا ہوگا۔ہرجماعت کو جلسہ سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کا حق حاصل ہونا چاہئے ۔امریکہ کے دنیا کو فتح کرنے کے جارہانہ عزائم سے عالمی امن کو خطرہ ہے ۔غزہ میں انسانیت کے قتل عام کے سرپرست صدرٹرمپ کا اپنی فوج کو جب جہاں چاہے حملے کرنے کا بیان اس کو نوبل انعام کے لیے نامزدکرنے والے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پرخاموش تماشائی اورایران میں احتجاجی مظاہروں پرعوام کی فکر سے امریکہ سمیت طاغوتی قوتوں کا منافقانہ کردار بے نقاب ہوچکا ہے ۔بدل دو نظام کو ایک نعرہ نہیں بلکہ تحریک کا نام ہے۔
نظام وقیادت کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی تقدیر کو بدلاجاسکتا ہے جس کے لیے جماعت اسلامی روزاول سے جدوجہد کر ہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی امیرکاشف سعید شیخ،سینئررہنما اسداللہ بھٹوودیگرصوبائی ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے مینارپاکستان پرمنعقدہ اجتماع عام اوربدل دونظام کو مہم کی آگاہی بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی گذشتہ 17سال سے تسلسل کے ساتھ سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے مگر وہ عوام کو ڈاکوراج سے نجات سمیت صحت، تعلیم،صاف پانی اورامن جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔سندھ میں گیس بجلی پٹرول کوئلہ کی دولت کے باوجود غربت وفلاس ومحرومیوں کے ڈیرے کیوں ہیں؟ ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو مثبت سرگرمی کی ضرورت ہے۔