ہندو کونسل کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب
ڈاکٹر شام سندر نے نوبیاہتا جوڑوں میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیےاجتماعی شادیوں کا انعقاد مساوات کو فروغ دیتا ہے ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے پاکستان ہندو کونسل کے زیرِ اہتمام منعقدہ 19ویں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نوبیاہتا جوڑوں میں مالی معاونت کے چیکس بطور تحفہ، مبارکباد تقسیم کیے ۔تقریب کی میزبانی پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کی، جبکہ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے 80 سے زائد جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا شاندار اور منظم اہتمام کیا گیا۔ جو معاشرتی خدمت اور انسان دوستی کی اعلیٰ مثال ہے ۔ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے شادی کی مذہبی رسومات، بالخصوص پھیروں کی تقریب میں شرکت کر کے نوبیاہتا جوڑوں کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب میں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ اور دیگر معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے تمام نوبہاتا جوڑوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی نئی ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس نوعیت کی اجتماعی شادیوں کا انعقاد نہ صرف معاشی بوجھ کم کرتا ہے بلکہ معاشرے میں مساوات، خود اعتمادی اور باوقار زندگی کے تصور کو فروغ دیتا ہے ۔ اتنی بڑی تعداد میں بچیوں کے گھر بسانا رحمت، انسانیت اور فلاحِ خلق کی بہترین مثال ہے ۔ ڈاکٹر شام سندر آڈوانی انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔