نیو کراچی ٹاؤن :14گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب

نیو کراچی ٹاؤن :14گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب

ٹاؤن کے فنڈ سے قاسم اسٹیڈیم تا سیکٹر جے 5نئی سیوریج لائن ڈالی گئی واٹر کارپوریشن نے فنڈز کی کمی کا جواز بنا کر ہاتھ کھڑے کر دیے ،چیئرمین

کراچی (این این آئی)نیو کراچی ٹاؤن کے سیکٹر 5.Jمیں 14 گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب اور لا ئیٹس کا کام مکمل کر لیا گیا۔ منصوبے کا باضابطہ افتتاح چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، یوسی چیئرمین راجہ عطاالرحمن، وائس یوسی چیئرمین توقیر خان وارڈ کونسلرز نثار احمد اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 5.Jمیں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح رہی ہے ۔سیوریج اور پانی کے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی تھی اور گزشتہ 27 برسوں میں کسی بھی سیاسی جماعت نے یہاں کوئی موثر ترقیاتی کام نہیں کرایا۔مسئلے کے حل کے لیے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے رابطہ کیا گیا، مگر فنڈز کی کمی کا جواز بنا کر ہاتھ کھڑے کر دیے گئے۔

بعد ازاں واٹر کارپوریشن کے تکنیکی عملے نے نشاندہی کی کہ اگر قاسم اسٹیڈیم سے سیکٹر 5.Jتک 36 انچ کی نئی سیوریج لائن ڈال دی جائے تو مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔ عوامی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن نے اپنے فنڈز سے یہ لائن بچھائی۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیکٹر 5.J میں 100 گلیوں میں پیور بلاک لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جن میں سے اب تک 14 گلیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی گلیوں میں کام تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف آغاز ہے ، آئندہ مرحلے میں لاڑکانہ بیکری سے ناصرہ اسکول تک سڑک کی تعمیر اور اس کے بعد اقصیٰ پارک کی تکمیل بھی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں