خواتین کا سیاسی شعور وقت کی اہم ضرورت،خالد مقبول

خواتین کا سیاسی شعور وقت کی اہم ضرورت،خالد مقبول

شعبہ خواتین کراچی بچاؤ مہم کے مقاصد اجاگر کرنے کے لیے بھرپورکردار ادا کرے کراچی کی تعمیر و ترقی اور فلاح کے لیے خواتین کا کردار کلیدی ہے ، چیئرمین ایم کیوایم

کراچی (آئی این پی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘کے سلسلے میں ایک اہم اور پروقار نشست منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق اور مرکزی رہنماؤں مسعود محمود، کشور زہراء نے شعبہ خواتین کی انچارج مریم قریشی و اراکین اور حق پرست باجیوں سے تفصیلی ملاقات کی۔ نہایت ہی خوشگوار اور ولولہ انگیز ماحول میں ہونے والی اس گفتگو میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خواتین کے تنظیمی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک کے ہر مشکل دور میں خواتین نے ثابت قدمی اور ہمت کی جو مثالیں رقم کیں وہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، کراچی کی بقا اور اس شہر کے چھینے گئے حقوق کی واپسی کے لیے خواتین کا سیاسی شعور اور متحرک ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شعبہ خواتین ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘کے مقاصد کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے کیونکہ جب مائیں اور بہنیں کسی مقصد کے لیے میدان میں نکلتی ہیں تو کامیابی قدم چومتی ہے ۔ ملاقات کے دوران خواتین ذمہ داران نے مرکز کو اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قائدین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک کو نچلی سطح تک فعال بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گی، نشست کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور کراچی کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں