واٹرمافیا کی پانی کی مین لائن توڑنے کی کوشش ناکام
بلدیہ کٹوگوٹھ میں مکینوں کے بروقت پہنچنے پر مافیا کے کارندے موقع سے فرار گروہ چند روز قبل بھی علاقے میں 36 انچ قطر کی پانی کی لائن کو توڑ چکا ہے
کراچی(آئی این پی)بلدیہ کٹوگوٹھ میں واٹر مافیا کی جانب سے پانی کی مین لائن کو رات گئے توڑنے کی کوشش کی گئی، تاہم اہلِ محلہ کے بروقت پہنچنے پر پانی چور مافیا کے کارندے موقع سے فرار ہو گئے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ واٹر مافیا کے افراد پانی کی مین لائن کو نقصان پہنچا رہے تھے کہ اسی دوران مقامی لوگوں نے شور مچایا اور موقع پر پہنچ گئے ، جس پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہی گروہ چند روز قبل بھی علاقے میں 36 انچ قطر کی پانی کی لائن کو توڑ چکا ہے ۔حکام کا کہنا تھا کہ پانی چور مافیا منظم طریقے سے مین لائن توڑ کر ویران علاقوں میں غیر قانونی تالاب قائم کر دیتا ہے ، جہاں سے واٹر ٹینکرز بھر کر شہریوں کو مہنگے داموں پانی فروخت کیا جاتا ہے۔
اس غیر قانونی سرگرمی کے باعث شہریوں کو شدید پانی کی قلت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔واٹر بورڈ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ پانی چوری کے اس منظم نیٹ ورک کو مشتاق عرف پپو کالا، نصیر رند، واجد اور مہیب چلا رہے ہیں، مذکورہ ملزمان کے خلاف پہلے بھی درجنوں مقدمات درج ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود یہ گروہ اپنی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے ۔واٹر بورڈ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی کا عندیہ دیا ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھانے اور پانی کی لائنوں کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔