میرپور خاص:رمضان سے قبل گندم مافیا کی من مانیاں، آٹا مہنگا
134 روپے کلو فروخت، سستی گندم دستیابی کے باوجود قیمت بڑھائی جانے لگیسبسڈی بھی عوام کے کام نہیں آرہی، شہری حلقوں نے جانچ پڑتال کا مطالبہ کردیا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی میرپورخاص میں مافیا سستی گندم کی دستیابی کے باوجود آٹا عام آدمی کی پہنچ سے باہر کرنے لگی، شہر میں آٹا 134 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ، سبسڈی کا بھی عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ گندم کی پیداوار میں ریجن ہمیشہ خود کفیل رہا، ضلع میں 80 ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت کی جاتی ہے مگر ضلع میں آٹے کے بحران کا خدشہ نظر آنا شروع ہو گیا۔ شہر میں فلور ملز، چکی مالکان اور محکمہ فوڈ کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے گندم کے سرکاری کوٹے کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، محکمہ خوراک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت جنوری میں میرپورخاص ریجن کی فلور ملوں اور چکیوں کو مجموعی طور پر 20 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ گندم عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے بجائے نان آپریشنل فلور ملوں اور بند گندم چکیوں کو الاٹ کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ رابطہ کرنے پر ایک چکی مالک نے بتایا کہ محکمہ خوراک چکی مالکان کو فی چکی ایک ماہ قبل 23 بوریاں دے رہا تھا، جبکہ جنوری میں صرف 16 بوری گندم دی گئی۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ آٹے کی سپلائی کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے۔