لاڑکانہ میں خاتون قتل، محراب پور سے ایک لاش ملی
قومی شاہراہ سے ملنے والی لاش کی شناخت نہ ہوئی، حادثے میں بھی ایک ہلاکیاسین چوک کے قریب رشتے کے تنازع پر 6بچوں کی ماں لطیفاں نشانہ بنی
لاڑکانہ، اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) لاڑکانہ میں خاتون کو قتل کردیا گیا، جبکہ محراب پور میں ایک شخص کی لاش ملی، جس کی شناخت نہیں ہوسکی، حادثے میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا ہے ۔ لاڑکانہ شہر کے قریب یاسین چوک کے علاقے میں مسلح افراد نے رشتے کے تنازع پر فائرنگ کرکے 6 بچوں کی ماں لطیفاں زوجہ لکھمیر شر کو قتل کر دیا، اور فرار ہوگئے ، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ کے بھائی کو حراست میں لے کر لاش کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا، مقتولہ کی نند ریشماں نے بتایا کہ رشتے کے معاملے پر لطیفاں کے دیوروں، کزن اور بھائیوں نے اسے قتل کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب محراب پور میں قومی شاہراہ سے لاش ملی ہے ، جس کی شناخت نہیں ہو سکی، پولیس کے مطابق لاش مقامی شخص کی ہے یا کسی مسافر کی، شناخت نہیں ہوسکی ہے ، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔ ادھر جامشورو کے قریب قومی شاہراہ پرریسکیو ایمبولینس ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے میں محراب پور کے نواحی علاقے پیروسن کا رہائشی میل نرس فیض حسین منگریو جاں بحق ہوگیا، ایمبولینس ڈرائیور یامین منگریو شدید زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق میل نرس کی لاش آبائی شہر کیلئے روانہ کر دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریسکیو 1122 ایمبولینس میں ایک مریض کو ایمرجنسی میں کراچی سے پنوعاقل منتقل کیا جارہاتھاکہ حادثہ پیش آیا۔