نوشہرو میں خاتون قتل، دیگر شہروں میں حادثات، 5جاں بحق
بینظیر کالونی میں گھریلو تنازع پرشوہر نے بیوی کا گلا کاٹا، 3بچے لیکر فرار ہوگیانوڈیرو میں بچہ گرم دودھ کے ٹب میں گر کر چل بسا، کشمور سے ایک لاش ملی
پڈعیدن، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) نوشہرو فیروز میں اسٹیشن روڈ پرواقع بے نظیر کالونی میں سفاک شوہر نے گھریلو تنازع پر بیوی کو ذبح کردیا، اور 3 بچے لیکر فرار ہوگیا، مقتولہ کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کر دی گئی۔ ادھر شکارپور کے قریب وین موٹر سائیکل تصادم میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت خان چند آباد کے رہائشی 50 سالہ غلام انور چنو کے نام سے ہوئی اور حادثے میں اختیار چنو زخمی ہوا جسے فوری طور پر شکارپور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ محراب پور میں قومی شاہراہ دھیرن اسٹاپ پر ٹرالر کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل پر سوار نوجوان خیر محمد جاں بحق اور اس کا ساتھی محمد بخش زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کر دیا۔
نوڈیرو کے نواحی گاؤں مٹھو کھوڑو میں تین سالہ بچہ ذوالقرنین ولد معظم کھوڑو گرم دودھ کے ٹب میں گر کر جاں بحق ہوگیا، اہل خانہ کے مطابق دودھ ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھا گیا تھا کہ بچہ کھیلتے ہوئے اچانک اس میں جا گرا۔ کشمور کے علاقے سردار پھاٹک کے قریب نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق لاش کی اطلاع اہلِ علاقہ نے دی، جاں بحق شخص کی شناخت ابو بکر جکھرانی کے نام سے ہوئی ہے۔ کندھکوٹ کے قریب غوثپور تھانے کی حدود انڈس ہائی وے گاؤں مارک بھیو کے مقام پر تیز رفتار ٹرک نے سامنے آنے والے رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں رکشہ پر سوار محمد نواز بجارانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔